کفایت شعاری اقدامات نافذ، پنجاب میں بھی دکانیں رات 8، شادی ہالز 10 بجے بند ہوں گے

image

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں کفایت شعاری کے سخت اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں جن کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے، جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کے لیے بندش کا وقت رات 10 بجے مقرر کیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری سطح پر بھی کفایت شعاری کے کئی فیصلے کیے گئے ہیں، جن میں سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی، نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی اور سرکاری میٹنگز کو آن لائن پلیٹ فارمز پر منعقد کرنے کی حوصلہ افزائی شامل ہے۔

اس کے علاوہ سرکاری افسران کے پروٹوکول اور سیکیورٹی گاڑیوں کو بھی محدود کردیا گیا ہے، اور سرکاری سطح پر عشائیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، تاہم غیر ملکی وفود کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ سرکاری دفاتر کے اوقاتِ کار کو بھی تبدیل کرتے ہوئے ہفتے میں 4 دن تک محدود کر دیا گیا ہے۔

ان اقدامات کے حوالے سے تاجر برادری کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ جہاں بعض تاجروں کا کہنا ہے کہ کاروباری حالات پہلے ہی خراب ہیں اور شہری صبح کے اوقات میں خریداری کے لیے نہیں نکلتے اس لیے ایسی پابندیوں سے گریز کیا جائے، وہیں لاہور چیمبر کے صدر نے مارکیٹس کو جلد کھولنے اور رات 8 بجے بند کرنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تاجر برادری کو اس حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے قائل کرلیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US