مارجن نہ بڑھا تو پیٹرول پمپس بند کردیں گے، ڈیلرز ایسوسی ایشن کی حکومت کو دھمکی

image

پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیلرز کے مارجن میں اضافہ نہ کیا گیا تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کیے جا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن سمیع خان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ڈیلرز کا مارجن نہیں بڑھایا گیا، جس کے باعث پیٹرول پمپ مالکان کے لیے اخراجات پورے کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مارجن انتہائی کم ہے اور اس کے ساتھ کاروبار چلانا ممکن نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر ڈیلرز کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو پیٹرول پمپ بند کرنے کا آپشن استعمال کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر رہنما پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن ہمایوں خان نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں نے پیٹرول پمپ ڈیلرز کے کاروبار کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ تو کیا جاتا ہے، لیکن ڈیلرز کا مارجن جوں کا توں رکھا گیا ہے۔

ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے ڈیلرز کا مارجن نہ بڑھایا تو پیٹرول پمپس بتدریج خود بخود بند ہونا شروع ہوجائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US