پاکستان نے سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں توانائی تنصیبات پر گزشتہ رات ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک پیش رفت قرار دے دیا۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت ایران کی جانب سے سعودی عرب کی توانائی تنصیبات پر حملوں پر گہری تشویش اور غیر مبہم مذمت کا اظہار کرتی ہے۔
بیان کے مطابق ان حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر پاکستان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی ہے، جبکہ اہم تنصیبات کو پہنچنے والے نقصان کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی سمجھتا ہے، جو خطے میں کشیدگی بڑھانے اور امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بن سکتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔