فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 274ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وطن کے دفاع میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس میں شہداء کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ یہ قربانیاں پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہیں۔
آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل کارکردگی اور انسداد دہشت گردی میں عزم کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے باہمی تعاون سے پاکستان اپنی سیکیورٹی، معاشی استحکام اور علاقائی و عالمی حیثیت کو مضبوط کر رہا ہے۔
کانفرنس میں عزم ظاہر کیا گیا کہ بھارت اور دیگر بیرونی سرپرستوں کی ایما پر کام کرنے والے دہشت گرد عناصر، سہولت کاروں اور معاونین کو بلا امتیاز ختم کیا جائے گا۔ آپریشن غضب للحق کی رفتار برقرار رکھی جائے گی یہاں تک کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا مکمل خاتمہ اور افغان سرزمین کے استعمال کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے۔
شرکاء نے مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ذمہ دار اسٹیک ہولڈر کے طور پر علاقائی سلامتی کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ کانفرنس نے سعودی عرب کے صنعتی کمپلیکس پر حالیہ حملوں کی شدید مذمت کی اور ایران کے اس اقدام کو پرامن حل کی کوششوں کو نقصان پہنچانے والا قرار دیا۔
کور کمانڈرز نے بھارت کی طرف سے منسوب جھوٹے الزامات، فلیگ آپریشنز اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی مسترد کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، نظم و ضبط، تربیت، جسمانی فٹنس اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور مسلح افواج کی ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے اور پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔