نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ ختم کروانے کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ممالک نے پاکستان کی ثالثی اور سہولت کاری پر اتفاق کیا ہے، جبکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے بھی بے پناہ کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کو کسی تمغے یا اعزاز کی خواہش نہیں ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ فریقین نے اسلام آباد میں بات چیت کو قابل قبول قرار دیا، تاہم کل رات خطرناک پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ فریقین کے بیٹھنے کے مرحلے پر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا، جس کے جواب میں ایران نے سعودی عرب میں جبیل کی آئل تنصیبات پر حملہ کیا۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ پاکستان اس حساس صورتحال میں محتاط رہ کر اپنے اقدامات کر رہا ہے تاکہ امن قائم رکھا جاسکے۔