نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے یورپی یونین کی ہائی ریپریزنٹیٹو برائے خارجہ امور و نائب صدر کاجا کالس سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور امن کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران پاکستان کی جانب سے پائیدار امن کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کے فروغ کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کاجا کالس نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی عمل کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ابتدائی جنگ بندی کے لیے فضا سازگار بنانے میں پاکستان کی کوششوں کو اہم قرار دیتے ہوئے اس عمل میں یورپی یونین کی مکمل حمایت کا اظہار بھی کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق رابطے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے مذاکرات اور سفارتی راستہ ہی مؤثر حل ہے۔