وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے آج دنیا کی ایک بڑی جنگ کو روکنے میں کامیابی حاصل کر لی اور بطور بااعتماد ثالث عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جنگ بندی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا سب کو بہت مبارک ہو، اللہ نے پاکستان کو عزت دی۔ پاکستان کو بطور بااعتماد ثالث کے طور پر دنیا نے تسلیم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عرب ممالک، عالمی طاقتیں اور امریکا سمیت پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔ سول اور عسکری قیادت پر مشتمل ہائبرڈ ماڈل نے بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں۔ ثابت ہوا کہ طاقت کے مراکز مل کر کام کریں تو بڑی کامیابیاں ممکن ہیں۔
بھارت کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی فارغ ہو چکا ہے، بھارتی میڈیا اب تڑپتا رہے گا اور بھارت اپنی عزت بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت طالبان کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور جن عناصر کو ماضی میں پروان چڑھایا گیا، آج وہی ریاست کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، تاہم اب ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔
اپنے بیان میں وزیرِ دفاع نے کہا کہ ہم نے جن کو پالا، آج ان کے ہاتھ ہمارے گریبان میں ہیں، لیکن یہ ہاتھ اب کاٹے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ریاستی ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں نہ صرف دفاعی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ سفارتی محاذ پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھارت میں بھی اس بات کا اعتراف کیا جا رہا ہے کہ پاکستان کو نہ صرف جنگ میں بلکہ سفارتی محاذ پر بھی واضح برتری حاصل ہے۔
وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی حالیہ کامیابیوں نے عالمی سطح پر ملک کے وقار، ساکھ اور سفارتی حیثیت کو مزید مضبوط کیا ہے، اور دنیا پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے سن رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مؤثر حکمتِ عملی اپناتا رہے گا۔