صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت اور اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ جنگ بندی ایک بروقت قدم ہے جس سے خطے میں مذاکرات، امن اور استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک خطرناک صورتحال سے دوچار تھی اور ایسے نازک وقت میں پاکستان نے انسانیت کے مفاد میں خلوصِ نیت کے ساتھ کردار ادا کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امن کے لیے کی جانے والی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی بصیرت اور فعال قیادت نے بھی امن کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ صدر مملکت کے مطابق واشنگٹن، تہران اور اسلام آباد کی قیادت نے تباہی کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرکے دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان امن کی ان کوششوں میں تعاون پر سعودی عرب، چین، ترکیہ، روس اور مصر کا بھی شکر گزار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن نہ صرف خطے کے استحکام بلکہ معاشی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھی ناگزیر ہے۔