سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال کے مطابق کراچی میں 22 سالہ نوجوان میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ شخص کو فوری طور پر آئیسولیشن میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایم ایس سندھ انفیکشن ڈیزیز اسپتال نے بتایا کہ نوجوان کا تعلق کراچی سینٹرل کے بفرزون سے ہے اور اسے رپورٹ مثبت آنے کے بعد اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ متاثرہ شخص کی کوئی سفری ہسٹری سامنے نہیں آئی۔
متاثرہ مریض میں 2 اپریل کو تیز بخار، سر درد اور جسم پر دانے کی علامات ظاہر ہوئیں۔ بعد ازاں ڈاؤ یونیورسٹی کی لیبارٹری میں کرائے گئے پی سی آر ٹیسٹ میں 8 اپریل 2026 کو ایم پاکس کی تصدیق ہوئی۔
پراونشل ڈائریکٹر ڈاکٹر آصف سید کی ہدایت پر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی فوکل پرسن ڈاکٹر شنکر کر رہے ہیں۔ مریض کے قریبی اہل خانہ کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کی کڑی نگرانی جاری ہے، فی الحال کسی میں علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
محکمہ صحت نے کہا کہ آئیسولیشن اور علاج کے ذریعے وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا رہا ہے اور تمام طبی عملے کو انفیکشن کنٹرول کے عالمی معیار پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت نے عوام سے گزارش کی ہے کہ اگر کسی شخص میں تیز بخار، جسمانی تھکاوٹ یا جلد پر غیر معمولی دانے/چھالے نمودار ہوں تو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال سے رجوع کریں۔