وزیر داخلہ سے امریکی سفیر کی ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال، مذاکرات پر تبادلہ خیال

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، جنگ بندی اور اسلام آباد میں کل ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جنگ بندی کا خیر مقدم کیا گیا جبکہ امریکی سفیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے مضبوط اور مخلصانہ سفارتی کردار کو سراہا۔

اس موقع پر اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے انتظامات اور غیر ملکی وفود کی آمد سے متعلق سیکیورٹی و انتظامی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیف وٹکوف اور کرشنر ہمارے خصوصی مہمان ہوں گے، جن کے استقبال اور قیام کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام غیر ملکی مہمانوں کو ہر لحاظ سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے جامع پلان مرتب کرلیا گیا ہے اور سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

ملاقات میں امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان کی جانب سے امن، استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسلام آباد عالمی سفارتی سرگرمیوں کا مرکز بننے جا رہا ہے اور کل ہونے والے اہم مذاکرات کو علاقائی امن و استحکام کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US