پاکستانی قیادت کو نوبل امن انعام دینے کی سفارش، پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

image

پنجاب اسمبلی میں پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی سفارش پر مبنی قرارداد جمع کرادی گئی۔

قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ رانا محمد ارشد کی جانب سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی۔

قرارداد کے متن کے مطابق پاکستانی قیادت نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران بروقت، مؤثر اور ذمہ دارانہ سفارت کاری کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کی راہ ہموار ہوئی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ حالیہ صورتحال عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ اختیار کر چکی تھی اور خدشہ تھا کہ یہ تنازع کسی بھی وقت بڑے بین الاقوامی بحران میں تبدیل ہو سکتا ہے، تاہم پاکستان کی دانشمندانہ سفارتی کوششوں نے اس خطرے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی پاکستانی قیادت کی امن کے فروغ کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور عالمی سطح پر ان کوششوں کے اعتراف کے طور پر نوبل امن انعام کے لیے نامزدگی کی سفارش کرتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US