لاہور ایئرپورٹ سے پہلی بار ”روٹ ٹو مکہ“ آپریشن شروع کرنے کی تیاریاں تیز

image

پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی کے زیرِ انتظام علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور سے پہلی بار ”روٹ ٹو مکہ“ آپریشن کے آغاز کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعودی حکام اور پاکستان کے متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں سعودی حکومت کے ڈائریکٹر آپریشنز حج فواز سعود الشفیری، سعودی سفارتخانے کے سیکریٹری اور ایئرپورٹ منیجر عرفان خان کے علاوہ ائیر پورٹ سیکورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، اینٹی نارکوٹکس فورس، وزارتِ خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔

اجلاس میں حجاج کرام کو ہر مرحلے پر بہترین سہولیات فراہم کرنے اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر انفراسٹرکچر سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا، جن میں خصوصی کاؤنٹرز اور ہولڈنگ ایریاز کا قیام، نشستوں کی دستیابی، بہتر کیو مینجمنٹ سسٹم اور واضح سائن ایج شامل ہیں۔

شرکاء نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مسافروں کے ہموار بہاؤ، رش میں کمی اور بہتر سروس فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ حجاج کرام کو سفر کے دوران زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آسکے۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے روٹ ٹو مکہ آپریشن کا آغاز کامیاب، منظم اور مسافر دوست انداز میں یقینی بنانے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US