حکومتِ سندھ نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے نئے اوقات کار نافذ کر دیے ہیں جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ تمام اضلاع میں دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے جبکہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یہ وقت رات 9 بجے تک ہوگا۔ یہ احکامات ہفتے کے ساتوں دن نافذ العمل رہیں گے۔
ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو شام 7 بجے سے رات 11:30 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی جبکہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروس پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تنور، دودھ و ڈیری شاپس، بیکریز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، کلینکس، اسپتال اور پیٹرول پمپس کو پابندیوں سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
شادی ہالز اور بینکوئٹس کو رات 8 بجے سے 12 بجے تک تقریبات کی اجازت دی گئی ہے۔ حکومت نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مل کر ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
تاجروں نے بھی توانائی بحران میں حکومت کا ساتھ دینے کا عزم کا اظہار کیا ہے ، صدرالیکٹرنکس ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نےہماری مشاورت سے کاروباری اوقات کار نافذ کئے ہماری تجاویز کو شامل کرنے پر وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ کے شکر گزارہیں۔
تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے سندھ حکومت کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے تاجروں سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا جو کاروباری برادری اور عوام کے مفاد میں ہے۔انہوں نے تاجر برادری اور مارکیٹس ایسوسی ایشنز سے اپیل کی کہ وہ سندھ حکومت کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے اور حالات بہتر ہوں۔
صدر شادی ہال ایسوسی ایشن رانا رئیس نے بھی حکومتی اقدامات پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی اوقات کار پر مکمل عملدرآمد کریں گے، رانا رئیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اوقات کار کی پابندی میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔