اسلام آباد: امریکا ایران مذاکرات، غیر ملکی وفود کی آمد، ریڈ زون مکمل سیل

image

غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے ٹریفک ڈائیورشن پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا جبکہ مختلف اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متبادل راستوں کی طرف موڑ دی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق کشمیر چوک سے کلب روڈ اور سرینگر ہائی وے کی جانب زیرو پوائنٹ تک ٹریفک بند رہے گی جبکہ سرینگر ہائی وے پر زیرو پوائنٹ سے سرینا چوک تک بھی آمد و رفت معطل رہے گی۔

اسی طرح شکرپڑیاں روڈ، چاند تارہ چوک سے سیونتھ ایونیو کی جانب بند رہے گا جبکہ جناح ایونیو پر خیابان چوک سے بلیو ایریا روڈ کی طرف ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق فیصل چوک سے ٹریل 3 تک مارگلہ روڈ بھی بند رہے گا، جبکہ ایکسپریس وے زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

11 سے 12 اپریل تک اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

متبادل راستوں کے تحت جی ٹی روڈ پشاور سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے، چکری، چک بیلی روڈ اور روات روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لاہور سے پشاور جانے والی ٹریفک کو بھی انہی متبادل راستوں کی طرف موڑا جائے گا۔

فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہری کورنگ روڈ، بنی گالہ، لہتراڑ روڈ اور جی ٹی روڈ استعمال کریں گے۔

پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کو چک بیلی روڈ اور چکری موٹروے کی طرف موڑا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US