سیالکوٹ: سیالکوٹ کے تھانہ مراد پور کی حدود میں پیش آنے والی ایک غیرمعمولی واردات نے شہریوں کو حیران کر دیا، جہاں مبینہ طور پر ایک ماں نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر اپنے ہی بیٹے کے گھر کا صفایا کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ شہری فاتحہ خوانی کے بعد گھر واپس آیا تو گھر سے 35 لاکھ روپے نقدی اور تقریباً 5 تولہ سونا غائب پایا۔ متاثرہ بیٹے نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی والدہ مبین بی بی نے دکان کے سیلز مین ذوہیب کے ساتھ مل کر واردات کی۔
مدعی کے مطابق ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت گھر میں موجود قیمتی سامان اور نقدی چوری کی اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے بھی یہی معلوم ہوا ہے کہ سیلز مین نے مالک کی والدہ کے ساتھ مل کر واردات کو انجام دیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور دونوں ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک سنگین جرائم کی مثال ہے بلکہ خاندانی رشتوں کے حوالے سے بھی کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے، جس پر مقامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔