ملک بھر میں 12 سے 17 اپریل تک طوفانی بارشوں، برفباری کا الرٹ جاری

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں 12 سے 17 اپریل تک ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوگا جس کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں 13 سے 17 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 12 سے 17 اپریل تک تیز بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی موسم شدید خراب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر پھسلن کے باعث سفر خطرناک ہو سکتا ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کمزور عمارتوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی علاقوں خصوصاً سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ گرمی کی لہر ہیٹ ویو نہیں تاہم رات کے اوقات میں سمندری ہوائیں جزوی طور پر بحال رہیں گی۔ کراچی اور سندھ کے بعض علاقوں میں آئندہ دنوں میں موسم مزید گرم رہنے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US