گلگت بلتستان میں عام انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 7 جون کو ہوگی

image

گلگت بلتستان میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، جس کے تحت قانون ساز اسمبلی کے تمام 24 حلقوں میں پولنگ 7 جون 2026 کو ایک ہی دن ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے انتخابی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ امیدوار 16 سے 20 اپریل تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 21 اپریل کو جاری کی جائے گی جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 28 اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا۔

شیڈول کے مطابق اپیلوں پر فیصلے 9 مئی تک کیے جائیں گے، جبکہ امیدوار 11 مئی تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔ حتمی امیدواروں کی فہرست اور انتخابی نشانات 12 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات 14 جون کو منعقد ہوں گے، جن کا باقاعدہ شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام 10 اضلاع کے لیے ضلعی ریٹرننگ افسران اور 24 حلقوں کے لیے ریٹرننگ افسران کی تعیناتی بھی مکمل کرلی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US