ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق مارچ 2026 کے دوران 2 ہزار 993 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں مارچ کے مہینے میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 2 ارب 80 کروڑ روپے رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 57 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ جبکہ 49 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔ شعبہ جاتی لحاظ سے آئی ٹی اور ای کامرس سرفہرست رہے جہاں 606 نئی کمپنیاں قائم کی گئیں۔
صوبہ وار تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ 1488 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جبکہ اسلام آباد میں 552 اور سندھ میں 447 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔ دیگر علاقوں میں گلگت بلتستان میں 233، خیبر پختونخوا میں 224 اور بلوچستان میں 49 کمپنیوں کی رجسٹریشن عمل میں آئی۔
ایس ای سی پی کے مطابق 58 کمپنیوں میں چین، برطانیہ، جرمنی اور امریکا کے سرمایہ کاروں کی شمولیت بھی دیکھنے میں آئی، جو ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔