وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو دنیا بھر میں سراہے جانے پر پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع

image

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہنے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی۔

قرارداد رکن اسمبلی عظمیٰ کاردار کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی کاوشوں سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کا اہم کردار سامنے آیا۔

قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان کی مؤثر سفارتکاری کے باعث اسلام آباد میں اسلام آباد مذاکرات کا انعقاد ممکن ہوا، جہاں امریکا اور ایران کے درمیان اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی۔ متن میں دعویٰ کیا گیا کہ اگر یہ سفارتی کوششیں نہ ہوتیں تو دنیا کو بڑے پیمانے پر تباہی اور حتیٰ کہ ایٹمی جنگ کے خطرے کا سامنا ہوسکتا تھا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر، بالخصوص اقوام متحدہ سمیت مختلف ادارے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہ رہے ہیں اور مسلم اُمہ کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کی کامیاب ثالثی کے باعث امریکا اور ایران کے درمیان اعتماد سازی میں پیش رفت ہوئی، جس سے خطے میں امن کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔

مزید کہا گیا کہ اسلام آباد میں 10 اپریل کو ہونے والے مذاکرات کو تاریخی اہمیت حاصل ہو گئی ہے، جبکہ برطانیہ، یورپی ممالک اور کینیڈا کا پاکستان پر اعتماد بھی بڑھا ہے۔

قرارداد میں وزیراعظم شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر کے لیے نوبیل انعام کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان مستقبل میں بھی ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US