کراچی: ناظم آباد میں ٹریفک حادثہ، دو بہنیں جاں بحق، بھائی زخمی

image

کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 1 میں پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں دو سگی بہنیں جاں بحق جبکہ ان کا بھائی زخمی ہوگیا۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ٹوٹی ہوئی سڑک کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہو کر گر گئی جس کے بعد دونوں بہنیں قریب سے گزرنے والے آئل ٹینکر کی زد میں آ گئیں۔

پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت ایسٹر اور اینجل کے نام سے ہوئی ہے جن کی عمریں بالترتیب 17 اور 15 سال تھیں۔ دونوں بہنیں اپنے بھائی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھیں۔

حادثے کے بعد موٹر سائیکل سوار لڑکا معمولی زخمی ہوا جبکہ فرار ہونے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں بہنوں کی لاشوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب حادثے میں زخمی نوجوان کا کہنا ہے کہ ہم کھانا کھانے باہر نکلے تھے، ماحول بیان نہیں کیا جاسکتا، جس پر بیتی ہے اسی ہی پتا ہوتا ہے۔

متاثرہ نوجوان کا کہنا تھا کہ یہ خبریں غلط ہیں کہ پہلے میں گڑھے میں گرا جبکہ ہمیں ٹینکر نے ٹکر ماری تھی۔ اس کا مزید کہنا تھا کہ جب پتا ہے روڈ خراب ہے تو اسے بند کردو یا توڑتے وقت ہی ٹھیک کردیا کرو، پریشر میں آکر راتوں رات روڈ بنا دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US