الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لیے 180 دن کی مہلت دینے کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کا مؤقف غیر تسلی بخش ہے اور بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے لیے دی گئی وجوہات قابل قبول نہیں۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر صوبائی حکومت کی مشاورت لازمی نہیں، جبکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے قانونی و انتظامی اقدامات فوری طور پر مکمل کیے جائیں۔
صوبائی حکومت نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ نئی قانون سازی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر انتخابات کے لیے مزید وقت دیا جائے، تاہم الیکشن کمیشن نے یہ مؤقف مسترد کرتے ہوئے فوری عملی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور تمام ضروری انتظامات فوری مکمل کیے جائیں۔