پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے تاریخی اور ثقافتی تہوار بیساکھی کے موقع پر سکھ برادری سمیت یہ دن منانے والے تمام افراد کو مبارکباد پیش کی ہے اور بھارت سمیت دنیا بھر سے پاکستان آنے والے یاتریوں کو خوش آمدید کہا ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بیساکھی ایک ایسا تہوار ہے جہاں امید فصل کی طرح لہلہاتی ہے اور یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ اتحاد، ایمان اور محنت کے ذریعے ہر موسم کو خوشحالی میں بدلا جاسکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی سکھ برادری کی بے مثال خدمات، جرات اور شاندار ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وابستگی کا جذبہ ہمارے قومی ثقافتی ورثے کا ایک ناگزیر حصہ ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور تمام اکائیوں کی شمولیت کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم رہے گی۔
چیئرمین پی پی پی نے عوام سے اپیل کی کہ بیساکھی کے اس پرمسرت موقع پر معاشرے میں امن کے بیج بوئے جائیں اور مل کر ایسی اقدار کو پروان چڑھایا جائے جو مستقبل میں سب کے لیے وقار اور خوشحالی کا باعث بنیں۔