اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات سمیت اہم علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے صدر مملکت کو مذاکرات کے مختلف مراحل اور پاکستان کی ثالثی کے ذریعے ہونے والی پیش رفت پر جامع بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے آئندہ سعودی عرب اور ترکیہ کے دوروں سے بھی آگاہ کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے اثرات عالمی سیاست، معیشت اور سلامتی پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے امریکا ایران مذاکرات میں پاکستان کے کردار اور وزیراعظم سمیت تمام ریاستی اداروں کی کوششوں کو سراہا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار اور اہم ریاست کے طور پر اپنی ساکھ مزید مضبوط کی ہے اور دنیا کے سامنے اپنی امن پسندی کو اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کو امریکا، ایران اور دیگر علاقائی و عالمی طاقتوں سے رابطے جاری رکھنے چاہئیں تاکہ امن عمل برقرار رہے اور خطے میں ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے۔