کراچی میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون، چینی سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی اور سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس میں پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور چینی بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے بتایا کہ چینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے جلد اسلام آباد میں ایک خصوصی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں چینی قونصل جنرل اور کراچی کے چینی بزنس مینوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کی معاشی و تعمیری ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور حکومت انہیں ہر سطح پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بزنس فرینڈلی ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
چینی قونصل جنرل نے پاک چین دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے وزیر داخلہ کے فعال کردار کو سراہا اور پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔