وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان جدہ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی تعلقات کے فروغ اور مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم کی آمد پر ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات میں دفاع، توانائی، سرمایہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے بالخصوص غزہ کی صورتحال اور مجموعی امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر گفتگو کی۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دورے کو پاک سعودی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کی امن کوششوں سے متعلق پیش رفت سے سعودی قیادت کو آگاہ کیا جس کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور اسلام آباد میں مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی۔
سعودی ولی عہد نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں خطے میں امن کے لیے اہم ثابت ہو رہی ہیں۔