ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی ڈوڈل کے ذریعے پاکستانی قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
گوگل نے روایت برقرار رکھتے ہوئے 14 اگست کے موقع پر اپنے ہوم پیج کو پاکستان کے قومی پرچم کے رنگوں سے سجایا ہے۔ اس سال کے ڈوڈل میں سبز و سفید پاکستانی پرچم کو آسمانی نیلے پس منظر میں لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں بادلوں جیسی تحریر میں گوگل لکھا گیا ہے۔
خصوصی ڈوڈل پاکستانی آئی پی ایڈریسز سے گوگل استعمال کرنے والے صارفین کے ہوم پیج پر نظر آرہا ہے۔
گوگل ماضی میں بھی یومِ آزادی سمیت مختلف مواقع پر پاکستانی ثقافت اور نمایاں شخصیات کو خصوصی ڈوڈلز کے ذریعے خراجِ تحسین پیش کرتا رہا ہے، جن میں نصرت فتح علی خان اور عبدالستار ایدھی بھی شامل ہیں۔