پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے، وزیراعظم شہباز شریف

image

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہ راست جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کی یاد میں قائم یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں بلکہ امن چاہتا ہے، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی، قوم کا سر فخر سے بلند ہوا اور یادگار فتح افواج پاکستان کی برتری کی علامت ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم متحد ہو تو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی، پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے، اختلافات کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے اور دنیا کو نئے تنازعات سے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالث کا کردار ادا کیا جبکہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کے حقوق کے لیے حمایت جاری رہے گی۔

وزیراعظم نے افغانستان کی حکومت پر زور دیا کہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ انہوں نے پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جنگ بندی سے لاکھوں جانیں بچیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US