پاکستان نیوی کا مقامی اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ

image

پاکستان نیوی نے مقامی طور پر تیار کردہ جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل نے طویل فاصلے پر اپنے ہدف کو انتہائی درستگی اور رفتار کے ساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیم کے ہمراہ فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ جدید میزائل گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ مینوور ایبلٹی سے لیس ہے جو اسے بدلتے حالات میں خود کو ڈھالنے اور انتہائی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس کامیاب تجربے سے پاکستان نیوی کی تکنیکی صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کا عملی اظہار ہوا ہے جبکہ یہ ملک کی سمندری حدود کے دفاع اور خطے میں استحکام کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیاب تجربے پر پاکستان نیوی کے جوانوں، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US