پاکستان نے امریکا ایران جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کیا، ترجمان دفتر خارجہ

image

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں پاکستانی ٹیم نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازع کے پرامن حل کے لیے مسلسل رابطے جاری رکھے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی اور حالیہ تناؤ میں نمایاں کمی آئی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی، جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی میں تعمیری سفارتی کردار پر عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان نے واشنگٹن اور تہران کے ساتھ مسلسل رابطوں کے ذریعے مکالمے کو فروغ دیا اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان رابطے برقرار رکھے اور ثالثی کا کردار ادا کیا۔

بریفنگ کے مطابق 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان امن مذاکرات ہوئے، جو مجموعی طور پر 30 گھنٹے جاری رہے، جبکہ باقاعدہ مذاکرات کا دورانیہ 21 گھنٹے تھا۔ ان مذاکرات میں پاکستان نے فعال کردار ادا کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو آسٹریا، قطر، جرمنی، اٹلی، برطانیہ، جاپان اور کینیڈا کے رہنماؤں نے ٹیلی فون کر کے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا اور جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اس وقت سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے دورے پر ہیں جہاں وہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت کر رہے ہیں۔ ترکیہ میں وہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں بھی شرکت کریں گے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے فلسطین کے معاملے پر بھی واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں اور لبنان پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

علاوہ ازیں، پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے انسداد دہشت گردی ڈھانچے (SCO-RATS) کے 45ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی کی، جس میں علاقائی سلامتی اور دہشت گردی کے خطرات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے مکالمے اور تعاون پر مبنی پالیسی پر قائم ہے اور آئندہ بھی عالمی امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US