پنجاب کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری

image

پنجاب حکومت نے صوبے کے 10 اضلاع میں نئی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے میں ٹرانسپورٹ کے بڑے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جس کے دوران گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاءالدین اور اوکاڑہ میں الیکٹرک بسیں فراہم کی جائیں گی۔ ہر ڈویژن میں بسوں کے لیے خصوصی ڈپو بھی قائم کیا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ رواں ماہ 100، مئی کے وسط تک 350 اور جون کے آخر تک 264 الیکٹرک بسیں پنجاب پہنچنے کا امکان ہے۔اجلاس میں تحصیل سطح پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے پلان پر بھی غور کیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے تفصیلی منصوبہ طلب کرلیا۔

مزید بتایا گیا کہ فری ٹرانسپورٹ سروس کے تحت 21 روٹس پر ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد مسافر مستفید ہو چکے ہیں جبکہ 3,560 ٹرپس مکمل کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ای ٹیکسی اسکیم پر پیشرفت رپورٹ بھی پیش کی گئی جس کے مطابق مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسیاں متوقع ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں میٹرو بس اسٹیشنز کی مرمت و بحالی جلد مکمل کرنے اور نئے ڈیزائن کی منظوری بھی دی جبکہ سرکاری ملازمین کے لیے ای بائیک منصوبے کی بھی منظوری دے دی گئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US