ملک بھر میں فیول کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

image

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت، تقسیم اور نگرانی کے لیے ملک بھر میں جدید ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق 12 ہزار پیٹرول پمپس کے لیے 24 ہزار موبائل ڈیوائسز کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے جو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ذریعے اوگرا کے حوالے کی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ فیول پارکنگ ایپ کو اوگرا کے ڈیجیٹل نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد، فروخت اور تقسیم کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہوگی۔

نئے نظام کے تحت پیٹرول پمپس پر اسٹاک، سپلائی چین اور فروخت کو مکمل طور پر ٹریک کیا جائے گا تاکہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت پیٹرول پمپ عملے کی تربیت وزارتِ آئی ٹی، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور اوگرا کے تعاون سے جاری ہے جبکہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے رضاکار بھی اس عمل میں معاونت کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ اس نظام میں صرف نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل ڈیوائسز استعمال ہوں گی جبکہ متعلقہ ایپ کی ٹیسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نجی گاڑیوں کے لیے فیول کوٹہ سسٹم متعارف کرانے پر بھی غور کر رہی ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US