وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور برطانوی ہائی کمیشن کے ڈیولپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈوک کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں توانائی کے شعبے میں تعاون، سرمایہ کاری اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے برطانوی وزیراعظم کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کے اعتراف پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جانا مثبت پیش رفت ہے۔
سیم والڈوک نے موجودہ علاقائی صورتحال میں پاکستان کے استحکام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے معاشی ترقی کے لیے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔
سردار اویس لغاری نے برطانوی ادارے ایف سی ڈی او کی معاونت کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید سازگار بنایا جائے گا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے دوطرفہ تعاون کے فروغ اور مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول پر اتفاق کیا۔