لاہور: ٹریفک چالان جرمانوں میں بڑی کمی کی منظوری، سمری کابینہ کو ارسال

image

لاہور میں ٹریفک چالان کی مختلف کیٹگریز کے جرمانوں میں 100 سے 150 فیصد تک کمی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد اس حوالے سے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے۔

گزشتہ سال ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، تاہم حکومت نے ازسرنو جائزہ لینے کے بعد جرمانوں میں کمی کی تجویز تیار کی ہے۔

سمری میں موٹر سائیکل اور رکشوں کی 7 کیٹگریز میں جرمانے 100 فیصد تک کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل کا کم از کم جرمانہ 1000 روپے اور زیادہ سے زیادہ 2000 روپے مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

اسی طرح 2000 سی سی تک موٹر کار اور موٹر جیپ کے جرمانے 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

لگژری گاڑیوں کی 13 کیٹگریز میں بھی جرمانوں میں نمایاں کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ اس سے قبل 5 ہزار سے 20 ہزار روپے تک جرمانے وصول کیے جا رہے تھے، جبکہ نئی سمری کے مطابق یہ جرمانے 2 ہزار سے 10 ہزار روپے تک محدود کیے جائیں گے۔

کمرشل گاڑیوں کے جرمانوں میں بھی 100 سے 150 فیصد تک کمی کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت کم از کم جرمانہ 2 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 10 ہزار روپے مقرر کرنے کی سفارش شامل ہے۔

سمری کی منظوری کے بعد نئے جرمانوں کا اطلاق متوقع ہے، جس سے شہریوں کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US