فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات ہوئی ہے جسے ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی کوششوں میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی موجود تھے جہاں خطے کی صورتحال اور جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں مختلف اہم ملاقاتیں کیں جن میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل ہیں جبکہ انہوں نے کمانڈر خاتم الانبیا مرکز کا بھی دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کوششوں کا حصہ ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری پر آمادہ ہو گیا ہے اور اگر معاہدہ طے پا گیا تو وہ اسلام آباد کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔