راولپنڈی کے نجی اسپتال میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دائیں آنکھ کی سرجری کردی گئی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق مریضہ کی رضامندی سے گزشتہ شام آپریشن کیا گیا، جس کے بعد انہیں ایک رات اسپتال میں زیرِ نگرانی رکھا گیا اور پھر دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی نے دائیں آنکھ میں بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی تھی، جس پر جیل انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ماہر چشم سے معائنہ کرایا۔ طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے سرجری کا مشورہ دیا۔
رپورٹ کے مطابق مریضہ کو گزشتہ شام راولپنڈی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں آپریشن سے قبل تمام ضروری ٹیسٹ اور طبی معائنہ مکمل کیا گیا۔ سرجری کے بعد انہیں ایک رات اسپتال میں رکھا گیا اور بعد ازاں اڈیالہ جیل واپس منتقل کردیا گیا۔