کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق متعدد حادثات میں موٹر سائیکل سوار، رکشہ سوار اور راہگیر متاثر ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی مجید کالونی کے قریب مزدا ٹرک کی ٹکر سے 60 سالہ سعید کریم جاں بحق ہوئے۔ سائٹ ایریا لیبر اسکوائر کے قریب رکشہ الٹنے کے باعث 2 سالہ بچی ماہم دوران علاج دم توڑ گئی۔
سائٹ ایریا سمینس چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے 35 سالہ راہگیر عمران جان کی بازی ہار گیا جبکہ لانڈھی مانسہرہ کالونی کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار نوجوان دانش اور مبشر جاں بحق ہوئے۔
اسی طرح گارڈن، سرجانی اور آرام باغ کے علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جن میں ایک کم عمر موٹر سائیکل سوار بھی شامل ہے۔