ترکیہ کے شہر انطالیہ میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جس میں عالمی رہنما شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ فورم میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان بھی انطالیہ پہنچ گئے ہیں۔
ترک میڈیا کے مطابق فورم میں آذربائیجان کے صدر اور لیبیا کے وزیراعظم بھی شریک ہیں اور مختلف عالمی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ادھر شامی صدر احمد الشرع نے فورم کے ابتدائی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں سیاسی خلا کو پُر کرنے کے لیے جلد آئینی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلامیے کے بعد پارلیمان کی تشکیل کے لیے انتخابات کرائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں شام کو مردم شماری سمیت اہم مراحل سے گزرنا ہوگا، جبکہ ملک کو اندرونی و بیرونی نقل مکانی کے بڑے بحران کا سامنا رہا ہے، اس لیے تمام امور کو دوبارہ دستاویزی شکل دینا ناگزیر ہے۔