وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں جاری کردی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 385 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر 353 روپے 43 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات فوری طور پر عوام تک منتقل کیے جائیں تاکہ مہنگائی میں کمی آئے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت 119 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 84 ڈالر 45 سینٹ تک آگئی، یعنی تقریباً 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح برطانوی خام تیل کی قیمت میں بھی 26 ڈالر 87 سینٹ کی کمی ہوئی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 23 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 134 روپے 81 پیسے کمی کی گئی تھی۔