فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا تین روزہ دورہ ایران مکمل ہو گیا جس کے بعد فیلڈ مارشل وفد کے ہمراہ وطن واپس پہنچ گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران اعلیٰ ایرانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں خطے کی صورتحال، امن و استحکام اور دوطرفہ سفارتی و سیکیورٹی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
مذاکرات کے دوران خطے میں پائیدار امن کے قیام، کشیدگی میں کمی اور موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے اور علاقائی استحکام کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
دورے کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی قیادت اور عوام کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔