بلوچستان کے علاقے دالبندین میں خاتون خودکش بمبار کے سہولت کار منظور احمد کی بیوی رحیمہ بی بی نے اپنے شوہر کی سرگرمیوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
رحیمہ بی بی کے مطابق ان کا شوہر منظور احمد ان کے موبائل فون کے ذریعے خودکش خاتون سے رابطے میں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ خاتون کچھ عرصہ ان کے گھر میں بھی مقیم رہی۔
بیان کے مطابق منظور احمد ہی اس خاتون کو اپنے گھر میں ٹھہرانے اور بعد ازاں افغانستان پہنچانے میں ملوث تھا۔ رحیمہ بی بی کا کہنا ہے کہ نومبر میں نوکنڈی حملے سے قبل ان کا شوہر اس خاتون کو افغانستان لے کر گیا جس کے چند روز بعد ایف سی ہیڈکوارٹر نوکنڈی پر خودکش حملے کی خبر سامنے آئی۔
رحیمہ بی بی نے مزید بتایا کہ بعد میں شوہر نے انہیں خودکش حملہ آور کی تصویر دکھائی جو دراصل وہی خاتون نکلی جو افغانستان جانے سے پہلے ان کے گھر قیام کر چکی تھی۔
رحیمہ بی بی کے مطابق خودکش حملے کے بعد منظور احمد افغانستان فرار ہو گیا اور انہیں بھی وہاں بلانے کی کوشش کی تاہم افغانستان روانگی سے قبل وہ اپنے بھائی زبیر کے ہمراہ گرفتار ہو گئیں۔
رحیمہ بی بی کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر نےدہشت گردی میں ملوث ہو کر نہ صرف انہیں بلکہ پورے خاندان اور قبیلے کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔