جعلی سمز کے بڑھتے کاروبار کا انکشاف، پی ٹی اے کی شہریوں کو اہم ہدایات

image

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مفت موبائل فون سم کے نام پر جعلی سمز کے بڑھتے ہوئے کاروبار کا انکشاف کرتے ہوئے شہریوں کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق بعض عناصر چوک چوراہوں اور عوامی مقامات پر مفت سم دینے کے بہانے شہریوں کا بایومیٹرک ڈیٹا حاصل کر رہے ہیں جس کے بعد ان کے نام پر غیر قانونی سمز جاری کی جا رہی ہیں۔ یہ سمز بعد ازاں مختلف جرائم میں استعمال ہونے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت سڑکوں یا غیر مجاز افراد سے سم حاصل نہ کریں اور نئی سم صرف متعلقہ موبائل کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر یا مستند فرنچائز سے ہی حاصل کریں۔

پی ٹی اے نے مزید کہا ہے کہ شہری اپنی بایومیٹرک تصدیق کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں کیونکہ اس کا غلط استعمال کرتے ہوئے ان کے نام پر اضافی سمز جاری کی جا سکتی ہیں، جس سے قانونی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔

ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صارفین اپنے نام پر رجسٹرڈ سمز کی تفصیلات باقاعدگی سے چیک کریں اور غیر استعمال شدہ یا مشکوک سمز فوری طور پر بلاک کروائیں۔

پی ٹی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ جعلی سمز کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US