مری میں سیاحت کے فروغ اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پنجاب حکومت نے پاکستان کا پہلا اسکائی گلاس برج بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت نواز شریف اور مریم نواز نے کی، جس میں مری ڈیولپمنٹ اور بحالی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیاحت، انفرااسٹرکچر اور ریلیف اقدامات سے متعلق بڑے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں کوٹلی ستیاں میں اسکائی گلاس برج پراجیکٹ کی باقاعدہ منظوری دی گئی، جو صوبے میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہوگا اور سیاحوں کیلیے نئی کشش پیدا کرے گا۔
لینڈ سلائیڈنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر حکومت نے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ اس مسئلے کا مؤثر حل نکالا جاسکے۔ اس کے ساتھ متاثرہ افراد کو ریلیف اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
اجلاس میں چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی اور نمل جھیکا گلی سمیت متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات تیز کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ مڈ فلو ڈاؤن ہل ایفکٹ کے سدباب کیلیے فوری حکمت عملی اپنانے پر زور دیا گیا۔
مزید برآں، مری میں سیاحتی سہولیات کو بہتر بنانے کیلیے 3 نئے ہاسپٹیلٹی زونز قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے، جس سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت کو بھی تقویت ملنے کی توقع ہے۔