ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں قائم ہائیکنگ ٹریلز کو بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4، ٹریل 5 اور سیدپور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل کو 20 اپریل 2026 سے تاحکمِ ثانی عام شہریوں کے لیے بند رکھا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی مفاد اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان نواز میمن کے دستخط موجود ہیں، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ ٹریلز پر ہر قسم کی عوامی سرگرمی پر پابندی ہوگی جب تک مزید احکامات جاری نہیں کیے جاتے۔
ضلعی انتظامیہ نے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، جن میں چیف کمشنر آفس، اسلام آباد پولیس، سی ڈی اے، وزارت داخلہ اور پیمرا شامل ہیں۔ میڈیا کو بھی اس حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام نے پولیس اور انتظامیہ کو سکیورٹی کے سخت انتظامات یقینی بنانے کی تاکید کی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احکامات کی مکمل پابندی کریں اور بندش کے دوران ان مقامات کا رخ نہ کریں۔