کراچی کے شہریوں کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں حب ڈیم سے پانی کی فراہمی کے کوٹے میں اضافے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔
محکمہ بلدیات نے وزیر اعلیٰ سندھ کو سمری ارسال کر دی ہے جس میں حب ڈیم سے پانی کا کوٹہ دگنا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ یہ سمری واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (واٹر کارپوریشن) کے سی او او کی تجاویز کی روشنی میں تیار کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق کراچی کے لیے پانی کی فراہمی 100 ملین گیلن سے بڑھا کر 200 ملین گیلن یومیہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی کی طلب 5 گنا بڑھ چکی ہے، اس لیے کوٹہ بڑھانا ناگزیر ہو گیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے 200 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی کے لیے بنیادی انفراسٹرکچر مکمل ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ حب ڈیم سے پانی کی تقسیم کے معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل (CCI) میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پانی کی بین الصوبائی تقسیم کے حوالے سے وفاق سے رابطے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے درمیان پانی کے نئے فارمولے پر بھی غور جاری ہے جبکہ واپڈا کے دائرہ اختیار سے اس معاملے کو باہر قرار دیا گیا ہے۔