کراچی میں ٹریفک نظام کو جدید بنانے کے لیے شہر کے سگنلز کو بین الاقوامی طرز پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہر کی اہم شاہراہوں پر سمارٹ ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے جبکہ میونسپل کمشنر کو اسمارٹ سگنلز کی خریداری کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ریڈ زون اور آئی آئی چندریگر روڈ کو ماڈل ایریا بنایا جائے گا جس کے بعد دوسرے مرحلے میں ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر منصوبہ توسیع دی جائے گی۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق شہر میں بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے لیے بنیادی انفراسٹرکچر کے ساتھ ٹریفک قوانین پر سخت عمل درآمد بھی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹریفک کو مؤثر طریقے سے ریگولیٹ کیا جائے تو شہری مسائل میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔