پنجاب کے شہر ساہیوال میں ایک شادی کی تقریب اس وقت ہنگامہ آرائی اور افراتفری کا شکار ہو گئی جب دولہے کی پہلی بیوی اچانک دو بچوں کے ہمراہ ہال میں پہنچ گئی جس کے بعد صورتحال نے ڈرامائی رخ اختیار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق شادی کی تقریب جاری تھی اور مہمان خوشیوں میں مصروف تھے کہ اسی دوران پہلی بیوی کی آمد نے ماحول کو یکسر تبدیل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی پہلی بیوی نے ہال میں داخل ہو کر احتجاج کیا تو وہاں موجود افراد میں کھلبلی مچ گئی جبکہ دولہا اور نوبیاہتا دلہن موقع سے فوری طور پر فرار ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دولہا چار سال قبل فیصل آباد میں پہلی شادی کر چکا تھا اور وہ دو بچوں کا باپ بھی ہے تاہم اس نے اپنی پہلی ازدواجی زندگی کو خفیہ رکھتے ہوئے دوسری شادی کرنے کی کوشش کی۔ پہلی بیوی کے اچانک پہنچنے اور احتجاج کے باعث شادی کی تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی اور خوشی کا موقع تنازع میں بدل گیا۔
واقعے نے نہ صرف وہاں موجود افراد کو حیران کر دیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی اس پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، جہاں صارفین اسے دھوکہ دہی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کی مثال قرار دے رہے ہیں۔