الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال کی قائم کردہ سیاسی جماعت "پاک سرزمین پارٹی" (پی ایس پی) کی رجسٹریشن باضابطہ طور پر ختم کردی ہے۔
رجسٹریشن ختم ہونے کے بعد اگرچہ پی ایس پی کا نام تاحال سیاسی جماعتوں کی فہرست میں 48 ویں نمبر پر موجود ہے، تاہم اب یہ پارٹی سربراہ کے نام کے بغیر درج ہے۔
مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے 23 مارچ 2016 کو کراچی میں اس جماعت کے قیام کا اعلان کیا تھا، جس نے تقریباً سات سال تک سیاسی میدان میں اپنا کردار ادا کیا۔
12 جنوری 2023 کو پی ایس پی کی قیادت نے اپنی جماعت کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد اب الیکشن کمیشن نے قانونی طور پر اس کی رجسٹریشن ختم کردی ہے۔