حیدرآباد میں پھلیلی کے علاقے میں شادی کی تقریب کے دوران افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں کرنٹ لگنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بچے رشتے دار کی شادی میں شرکت کے لیے آئے تھے اور رات کے وقت گھر کی چھت پر سو رہے تھے کہ اس دوران اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں کی زد میں آ کر کرنٹ لگ گیا۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 10، 12 اور 14 سال تھیں، جن میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب حیسکو کے ترجمان نے بتایا کہ واقعہ کرنٹ لگنے سے پیش آیا تاہم جائے وقوعہ پر بجلی کی تاریں ٹوٹی ہوئی نہیں تھیں۔ ان کے مطابق امکان ہے کہ بچے تاروں کے انتہائی قریب ہونے یا ان سے چھونے کے باعث متاثر ہوئے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے باعث بجلی کی تاریں رہائشی چھتوں اور دیواروں کے بہت قریب آ چکی ہیں اور اس حوالے سے پہلے بھی نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔