این ڈی ایم اے نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے خبردار کردیا

image

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ڈی ایم اے) نے ملک میں ممکنہ موسمی خطرات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال چار ماہ قبل جاری کیے گئے متوقع جائزے کے عین مطابق ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5 مئی تک سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے متعدد علاقے شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کی لپیٹ میں رہیں گے۔ خاص طور پر کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، بہاولپور، ملتان اور تربت میں درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ وسطی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کچھ حصوں میں بھی گرمی کی شدت بڑھے گی، جس سے لو لگنے اور پانی کی کمی جیسے طبی مسائل پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب، این ڈی ایم اے نے بالائی علاقوں کے لیے بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ کل سے 29 اپریل کے دوران اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، مری، سرگودھا، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت پنجاب کے بالائی اور وسطی اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

اسی دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع، بلوچستان کے شمالی اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ تاہم گوادر سمیت ساحلی علاقوں میں موسم خشک رہے گا اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ جاری رہنے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US