عالمی ادارہ صحت کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان بچوں کی اموات میں نمایاں کمی لانے والے دنیا کے پانچ سرفہرست ممالک میں شامل ہوگیا ہے، جہاں مؤثر ویکسینیشن مہمات کے ذریعے اب تک 26 لاکھ بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچایا جاچکا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک سے چیچک کا مکمل خاتمہ ہوچکا ہے، پولیو کیسز میں 99.8 فیصد کمی آئی ہے جبکہ 80 فیصد علاقوں میں نوزائیدہ بچوں کو تشنج سے محفوظ بنایا گیا ہے۔
24 اپریل سے یکم مئی تک عالمی سطح پر 'ورلڈ ایمونائزیشن ویک' منایا جا رہا ہے تاکہ ویکسین کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا جا سکے۔
پاکستان میں 1976 میں شروع کیے گئے توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کے ذریعے اب تک 16 کروڑ بچوں اور 13 کروڑ ماؤں کی زندگیاں محفوظ بنائی گئی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 1996 میں پولیو کے 20 ہزار کیسز کے مقابلے میں 2025 تک یہ تعداد کم ہو کر صرف 31 رہ گئی ہے اور اس وقت ملک میں 13 مختلف بیماریوں کی ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
عالمی اتحاد 'گاوی' کے تعاون سے ہر سال لاکھوں بچوں اور خواتین کو ویکسین فراہم کی جاتی ہے، جبکہ پولیو مہم میں ساڑھے چار کروڑ بچوں تک رسائی کے لیے 4 لاکھ سے زائد ورکرز حصہ لیتے ہیں جو دنیا کی سب سے بڑی افرادی قوت میں سے ایک ہے۔